پلوامہ// شوپیان میں حزب المجاہدین کے لئے کام کرنے اور ہتھیاروںکی سپلائی کرنے والے دو پولیس کانسٹیبلوں سمیت 3افراد کو حراست میں لیا گیاہے ۔ذرائع نے بتایا کہ9اکتوبر کو شوپیان سرکٹ ہاؤس کے نزدیک ناکہ لگانے کے دوران ایک نوجوان عادل احمد ننگرو کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مشتبہ حالت میںگھوم رہاتھا۔پولیس نے اس کے قبضہ سے اے کے 47رائفل کی 25گولیاں بر آمد کیں اور اس سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری رکھا۔پوچھ گچھ کے دوران عادل احمد نے اس بات کو قبول کیا کہ وہ حزب کیساتھ بالائی سطح پر کام کررہا ہے۔اس نے مزید بتایا کہ وہ اور ان کے دوست مدثر احمد میر ساکن اوکے کولگام نے پولیس کے ایک کانسٹیبل شبیر احمد ملک ساکن امشی پورہ شوپیان، جو اس وقت گاندربل میں تعینات ہے، سے40رائونڈ گولیاں حاصل کیں۔پولیس نے فوری طور پر شبیر احمد کو گرفتار کیا اور اس سے پوچھ تاچھ کی۔دوران پوچھ تاچھ کانسٹیبل شبیر احمد نے پولیس کو بتایا کہ اسے یہ40رائونڈ گولیاں ایک اور پولیس کانسٹیبل نذیر احمد نجار ساکن کولگام نے دیئے،نذیر احمد اس وقت گارڈ روم شوپیان پولیس لائنز میں تعینات ہے۔چنانچہ پولیس نے مذکورہ کانسٹیبل کو بھی حراست میں لیکربڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔