اننت ناگ //حسن پورہ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کی شناخت کو لیکر ابہام اب بھی جاری ہے۔بدھ7دسمبر کی شام آرونی بجبہاڑہ کے حسن پورہ علاقے میں ابتدائی طور پر42گھنٹوں تک جاری رہنے والی تصادم آرائی میںجاں بحق ہونے والے جنگجوئوں کی شناخت ماجد احمد زرگر عرف ابو طلحہٰ ساکن قیموہ کولگام اور راحیل امین ساکن ویسو قاضی گنڈ کے بطور کی گئی ۔تاہم بعد میں ایسی رپورٹیں سامنے آئیں کہ جنگجوئوں کی شناخت کو لیکر ابہام اور اضطراب کی صورتحال برقرار ہے۔حالانکہ دونوں جنگجوئوں کو ماجد احمد اور راحیل امین کے ورثاء کے سپرد کرکے ان ہی دو علاقوں میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی کے بیچ سپرد خاک کیا گیا۔پولیس نے بھی جنگجوئوں کی شناخت کو لیکر مصدقہ طور پر کوئی بات نہیں کی اور کہا کہ جنگجوئوں کی شناخت ڈی این اے جانچ کی بنیاد پر کی جائے گی جس کیلئے ماجد اور راحیل کے گھروالوں سے بھی ڈی این اے نمونے حاصل کئے جارہے ہیں۔مقامی سطح پر ویسو اور قیموہ میں بھی جنگجوئوں کی شناخت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے جو لاشیں انکے حوالے کی گئیں وہ لاشیں مکمل طور پر جلی ہوئی تھیں اور کسی بھی لاش کی شناخت کرنا نا ممکن تھا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ لاشوں کے نام پر انہیں گوشت کے کچھ حصے دئے گئے جنہیں مارے گئے جنگجوئوں کی لاشیں بتایا گیا۔