جموں//ریاستی سرکانے نے کہا ہے کہ جنگجو نوجوانوں کی سرنڈر اور انکی بازآبادکاری پالیسی کو منظر عام پر لانے سے قبل مرکزی سرکار کیساتھ اس پر صلح و مشورہ کیا جایگا۔گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے جموں میں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار لوٹنے والے جنگجو نوجوانوں سے متعلق جو بازآبادکاری پالیسی سابق حکومتوں نے تشکیل دی تھی ، ریاستی سرکار اُس کو نئے سرے سے تشکیل دے گی۔انہوں نے کہا ’’ سرنڈر پالیسی پہلے ہی مختلف شکلوں میں موجود ہے اور گورنر نے انہیں ہدایات دی ہیں کہ اس پر نئے سرے سے جائزہ لیکر انہیں ایک مسودہ پیش کریں‘‘۔سرنڈر اور باز آباد کاری پالیسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ جونہی اسکے بارے میں ڈرافت تیار ہوگا، گورنر اسے دیکھیں گے اور اس کے بارے میں مرکزی سرکار سے صلح و مشورہ کے بعد اسے عوام کیلئے مشتہر کیا جائیگا۔انہوں نے کہا’’ میں اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا کہ یہ نئی پالیسی ہوگی یا پھر نظر ثانی شدہ،اسے سنجیدگی سے دیکھا جائیگا،ڈائریکٹر جنرل پولیس،داخلہ سیکریٹری،چیف سیکریٹری اور میں اسے دیکھ رہے ہیں،اور ہم اسے گورنر کے سامنے پیش کریں گے‘‘۔وجے کمار کا کہنا تھا کہ جنگجوئوں سے متعلق بازآبادکاری پالیسی کے حوالے سے مختلف تجاویز موجود ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ بھی اس معاملے پر صلاح مشورہ ہورہے ہیں اور جلد ہی حتمی خاکہ گورنر کو پیش کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وجے کمار کا کہنا تھا کہ ہم فی الوقت پالیسی کو جدید طرز پر ترتیب دینے میں لگے ہوئے ہیں اور جلد ہی اسے مرکزی سرکار کو پیش کیا جائے گا۔