عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر انتظامیہ نے ان غیر ملکی شہریوں کی شناخت کیلئے ایک 6 رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو جنوری 2011 سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ ہر ماہ کی ساتویں تاریخ تک مرکزی وزارت داخلہ کو رپورٹ جمع کروائیں۔محکمہ داخلہ کے فنانشل کمشنر-کم-ایڈیشنل چیف سیکرٹری اس پینل کے چیئرپرسن ہوں گے جو 26 نومبر 2020 کو وزارت داخلہ کی طرف سے کی گئی بات چیت کے جواب میں تشکیل دیا گیاہے۔کمیٹی کے ارکان میں پنجاب کے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفیسر (ایف آر آر او)، پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پیز)، جموں و کشمیر پولیس کے جموں اور سری نگر دونوں کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (خصوصی برانچ) اور تمام ایس ایس پیز اور ایس پیز رجسٹریشن آفس شامل ہیں۔2021میں، جموں و کشمیر پولیس نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ایک بڑا کریک ڈان شروع کیا تھا اور کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر کی سب جیل میں میانمار سے آنے والے 270 سے زیادہ روہنگیاوں کو حراست میں لیا تھا، جن میں 74 خواتین اور 70 بچے تھے۔جیل کو آخر کار یونین ٹیریٹری میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے ایک ہولڈنگ سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا۔روہنگیا میانمار میں بنگالی بولی بولنے والی مسلم اقلیت ہیں۔ اپنے ملک میں ظلم و ستم کے بعد، ان میں سے بہت سے بنگلہ دیش کے راستے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوئے اور جموں اور ملک کے دیگر حصوں میں پناہ لی۔جموں و کشمیر کے جموں اور سانبہ اضلاع میں روہنگیا مسلمانوں اور بنگلہ دیشی شہریوں سمیت 13,700 سے زیادہ غیر ملکی آباد ہیں، جہاں حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، 2008 اور 2016 کے درمیان ان کی آبادی میں 6,000 سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔