سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ،پلوامہ اور شوپیان قصبوں میں زیر تعمیر میوہ منڈیوں کے کام میں سست رفتاری پر تشویش کااظہار کیا ہے۔پارٹی کے نائب صدرعبدالرحمان ویری نے بدھ کو اننت ناگ کادورہ کرکے متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی۔اس دوران ان وفود نے اُنہیں باغ مالکان کو جبلی پورہ بجبہاڑہ،پلوامہ اوراگلرشوپیان میں میوہ منڈیوں کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے پیش آرہی مشکلات سے باخبر کیا۔ ویری نے کہا کہ اِن علاقوں میں میوہ منڈیوں کی تعمیر کو کب کی منظوری دی جاچکی ہے لیکن اِن پر کچھوے کی چال کے مانند کام چل رہا ہے جس کے نتیجے میں باغ مالکان کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کی اقتصادیات میں باغبانی کانمایاں رول ہے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ باغ مالکان کے مشکلات کو دور کرنے کیلئے فوری توجہ دے ۔ویری نے کہا کہ انتظامیہ کو جبلی پورہ بجبہاڑہ،پلوامہ اور اگلر شوپیان میں میوہ منڈیوں کی تعمیرپر ہورہے کام کی سست رفتاری کاسنجیدہ نوٹس لینا چاہئے تاکہ باغ مالکان کو بازار میں اپنی پیداوار کولانے میں درپیش مشکلات سے نجات حاصل ہو۔ انہوں نے گورنرانتظامیہ پرزور دیا کہ وہ اس مسئلہ کا سنجیدہ نوٹس لیںاور متعلقہ محکموں کو ان پروجیکٹوں پر ہورہے کام کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت دیں۔