عظمیٰ نیوز سروس
کولگام// کولگام ضلع کے کاترسو گا ئوں میں ایک 13 سالہ لڑکا فوت ہوگیا جب کہ اس کا بھائی ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل ہے۔ حکام نے جمعہ کو بتایا کہ کاترسو میں ایک خاندان کے تین بہن بھائی ہیپاٹائٹس سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پہلے قریبی ہسپتال لے جایا گیا اور بعد میں ضلع ہسپتال کولگام ریفر کر دیا گیا۔حکام نے کہا”ان میں سے دو کو چلڈرن ہسپتال بمنہ، سرینگر منتقل کیا گیا۔ ایک لڑکا فوت ہوا جبکہ ایک لڑکی چلڈرن ہسپتال میں زیر نگرانی ہے۔ تیسرا بھائی صحت یاب ہو گیا ہے،” ۔فوت ہونے والے کم عمر لڑکے کی شناخت محمد ابوبکر بٹ کے طور پر ہوئی ہے۔چیف میڈیکل آفیسرکولگام، شوکت حسین نے بتایا کہ رپورٹ ہونے والے کیسز کے بعد علاقے میں صحت کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انفیکشن ممکنہ طور پر ہیپاٹائٹس اے یا ای ہے، جو آلودہ پانی اور ناقص صفائی سے پھیلتا ہے۔سی ایم او نے کہا”گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، سب کچھ قابو میں ہے،ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ پینے سے پہلے پانی ابالیں اور ہاتھ کی مناسب حفظان صحت برقرار رکھیں،” ۔