عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جنوبی کشمیر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کے درمیان پولیس نے مختلف اضلاع میں ایک وسیع اور مربوط تفتیشی و حفاظتی کارروائی انجام دی، جس کا مقصد کسی بھی قسم کے مشکوک مواد، کیمیکلز، کھاد، گاڑیوں یا اسپیئر پارٹس کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا اور حساس تنصیبات کی سخت نگرانی یقینی بنانا تھا۔پولیس نے کولگام ، شوپیاں اور اونتی پورہ میں بیک وقت بڑے پیمانے پر چیکنگ آپریشنز لانچ کیا جن میں کار ڈیلرز، آٹوموبائل ورکشاپس، کھاد کی دکانوں، کیمیکل شاپس، دھماکہ خیز مواد کے مجاز اسٹورز، صنعتی یونٹس اور دیگر حساس تجارتی مراکز شامل تھے ۔حکام کے مطابق، یہ کارروائی ‘پبلک سیفٹی’ کو مضبوط بنانے اور ممکنہ غلط استعمال کے خدشات کو باریک بینی سے دیکھنے کے لیے کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایسی کیمیکلز اکثر غلط ہاتھوں میں جا کر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو سکتے ہیں، اس لیے تمام آؤٹ لیٹس کو قانون کے مطابق ریکارڈ رکھنا لازم ہوگا۔افسران نے اسٹاک رجسٹروں، نقل و حمل کے لاگز، درآمد و برآمد کے دستاویزات، اور اسٹوریج سسٹمز کی تکنیکی پڑتال کی تاکہ ہر سطح پر ممکنہ خلا کو فوری بند کیا جا سکے ۔ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا:’ہم اس وقت کوئی بھی رسک نہیں لے رہے ۔ حساس مواد کا ہر کلو، ہر ڈبہ، ہر کیمیکل اور ہر گاڑی مکمل دستاویزی ثبوت کے بغیر استعمال یا منتقل نہیں ہوسکتی۔’جنوبی کشمیر میں چند ہفتوں کے دوران سرگرم تفتیشی کارروائیوں اور ملک گیر واقعات کے تناظر میں پولیس نے تمام اضلاع میں نگرانی سخت کر دی ہے ۔اہم مواد-جیسے یوریا کھاد، امونیم نائٹریٹ، صنعتی کیمیکلز، گاڑیوں کے اسپیر پارٹس اور ورکشاپ میں موجود فلیم ایبل یا حساس آلات-کو ممکنہ غلط استعمال سے بچانے کے لیے یہ مہم ‘ہائی رسک زون اسسمنٹ’ کے تحت چلائی جا رہی ہے ۔