سرینگر/جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں بدھ کو پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی طرف سے جماعت اسلامی جموں کشمیر پر پابندی اور اس پارٹی و جمعیت اہلحدیث سے وابستہ بعض افراد کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کی۔
اطلاعات کے مطابق پی ڈی پی کارکنان اور لیڈران نے اس مظاہرے کا اہتمام اننت ناگ کے کھنہ بل میں واقع ہائی سیکورٹی والی سرکاری ہائوسنگ کالونی کے باہر کیا۔
مظاہرین نے بینر اٹھارکھا تھا جس میں درج تھا''اسلام میں مداخلت قبول نہیں''۔
مظاہرین نے جماعت اسلامی پر حالیہ پابندی اور اس کے بعد جماعت سے وابستہ افراد کیخلاف کریک ڈائون کیخلاف نعرے بازی کی۔
محبوبہ نے اس موقع پر خبردار کیا کہ اگر جماعت اسلامی پر پابندی کو نہیں ہٹایا گیا تو احتجاج کو مزید وسیع کیا جائے گا۔
محبوبہ نے کہا''جماعت اسلامی اور جمعیت اہلحدیث سے وابستہ افراد کی گرفتاری مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے اور ہم اس کو برداشت نہیں کرسکتے ہیں''۔