دمبولا/ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں اتوار کو پانچ وکٹ سے ہراکر پانچ میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیریز میں 0۔2 سے شکست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے سیریز میں اچھی شروعات کی۔ربادا اور شمسی کے دم پر جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 34.3 اوور میں محض 193 رن پر نمٹا دیا۔جنوبی افریقہ نے 31 اوور میں پانچ وکٹ پر 196 رن بنا کر آسان جیت حاصل کر لی۔شمسی کو ان کی شاندار بولنگ کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سری لنکا کی اننگز میں کوشل پریرا اور تشارا پریرا کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز وکٹ پر نہیں ٹک سکا۔ کوشل پریرا نے 72 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔تشارا پریرا نے 30 گیندوں پر 49 رن میں آٹھ چوکے لگائے ۔سری لنکا کے پانچ وکٹ صرف 36 رن پر گر جانے کے بعد کوشل اور تشارا نے چھٹے وکٹ کے لئے 92 رن کی اہم شراکت کی۔سری لنکا نے اپنے آخری چار وکٹ محض 17 رن جوڑ کر گنوائے اور اس کی پوری اننگز 193 رن پر سمٹ گئی۔ربادا نے آٹھ اوور میں 41 رن دے کر چار وکٹ اور شمسی نے 8.3 اوور میں 33 رن دے کر چار وکٹ لئے ۔جنوبی افریقہ کو فتح حاصل کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی اور اس نے 114 گیندوں کے باقی رہتے میچ نمٹا دیا اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے 59 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47، کپتان فاف ڈو پلیسس نے 56 گیندوں میں 10 چوکے اڑاتے ہوئے 47 اور جے پی ڈومنی نے محض 32 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 53 رن بنا کر جنوبی افریقہ کو 31 اوور میں جیت کی منزل پر پہنچا دیا۔