نیویارک//ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 21ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو شکست دیدی، جنوبی افریقہ کے 114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 109 رنز ہی بناسکی۔نیو یارک کے نساؤکاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، گزشتہ میچز کی طرح نیو یارک کی وکٹ اس میچ کی پہلی اننگز میں بھی بیٹرز کے لیے ڈراؤنا خواب بنی رہی۔جنوبی افریقہ بیٹرز ابتدا میں تو سنبھل نہ سکے اور بنگلہ دیش کی عمدہ بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے جہاں اسکی 4 وکٹیں 23 رنز پر ہی گر گئیں، ایسے میں ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسین نے 79 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کے ٹوٹل کو اس مشکل وکٹ پر 100 سے زائد لے جانے میں مدد کی۔کلاسین 46 اور ملر 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے۔