سرینگر// محاذِ آزادی کے سینئر رکُن اعظم انقلابی نے فوجی سربراہ جنرل راوت کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’راوت جی سے صرف اتنا کہیں گے کہ آپ تنہائی میں کشمیر کے حالات کی حقیقت جاننے کے لیے مُراقبہ یعنی گیان دھیان کریں۔ آپ کا دل گواہی دے گا کہ ہاں یہ بھارتی حکمرانوں کا استعماری اور فسطائی اپروچ ہی ہے جس کی وجہ سے کشمیر میں بھٹی کا سماں بندھا ہوا ہے۔انقلابی نے کہا ’’کشمیر کے نوجوانوں کو دھمکیوں سے مرعوب کرنے کے بجائے آپ خلوصِ دل سے پاکستان کو مذاکرات کی دعوت دیں۔ اِس عمل میں ہمارا مزاحمتی اتحادِ ثلاثہ اپنا تعمیری رول ادا کرنے کے لیے مستعد رہے گا۔ یوں آپ سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے سرینگر سے مظفر آباد تک پھیلی ہوئی وادی کشمیر کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے ایک نقشۂ راہ (Blueprint) تیار کر سکتے ہیں اور اس طرح جنوبی ایشیا کے ڈیڑھ ارب لوگوں کو بے یقینی اور بے چینی کے بھنور سے باہر نکالنے کا راستہ بھی پیدا ہوگا‘‘۔