جموں//جموں شہر کو ایک فعال ، عوام دوست اور گنجانیت سے پاک بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جنرل بس سٹینڈ اور 213.08 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے کثیر منزلہ کار پارکنگ اور کمرشل کمپلیکس کا افتتاح کیا ۔ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تعمیر کی گئی یہ نئی سہولت 60.064 مربع کلو میٹر پر پھیلی ہوئی اس نئی سہولت میں 80 بسوں کو بس ٹرمنل میں پارک کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔اس کے علاوہ 1312 چھوٹی موٹر گاڑیوں ، 177 ٹو وہیلروں کیلئے بھی پارکنگ کی سہولت دستیاب ہے اور 239 دوکانوں کے علاوہ ریسٹورانوں اور فوڈ کورٹس کیلئے بھی جگہ دستیاب ہے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر نے جنرل بس سٹینڈ و کثیر منزلہ کار پارکنگ عوام کے نام وقف کرنا سماجی اور بنیادی ڈھانچہ کی جامع ترقی کی جانب ایک قدم ہے تا کہ تجارت سے وابستہ طبقے اور عام شہریوں کیلئے لازمی سہولیات دستیاب رکھی جا سکیں ۔ انہوں نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام بشمول انجینئران اور کامگار طبقے کا پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے محنت ِ شاقہ اور اہلیت کو کام میں لا کر اس بڑے پیمانے کے پروجیکٹ کو حقیقت کا روپ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مزید پارکنگ سہولیات جموں میں تعمیر کی جائیں گی ۔ اس موقعہ پر مئیر جموں میونسپل کارپوریشن ، پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی اور وائس چیئر پرسن جے ڈی اے نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ رُکنِ پارلیمان جگل کشور ، ایل جی کے مشیر آر آر بٹھناگر ، فاروق خان ، چیف سیکرٹری ، ڈی جی پی ، اے ڈی جی ، صوبائی کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں ، کمشنر جے ایم سی بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ سابق نائب وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اور کویندر گپتا کے علاوہ ایڈووکیٹ پرنما شرما ، ڈپٹی مئیر جے ایم سی ، جے ایم سی کے کارپوریٹر اور معروف شہری افتتاحی تقریب میں موجود تھے ۔