جموں //وکلاء اور دیگر تنظیموں کی طرف سے زبردست دبائو کے باوجود جموں چیمبر آف کامرس و انڈسٹری (جے سی سی آئی ) نے حالیہ جموں بند کال سے دور اختیار کرتے ہوئے کہاہے کہ رسانہ عصمت دری اور قتل کیس اور روہنگیا کی جموں بدری جیسے حساس معاملات کی ضرورت نہیں ۔جموں کے تاجروںکی سب سے بڑی تنظیم نے جموں ایمز اور امرناتھ زمینی تنازعہ کے دوران ہڑتال میں اہم رول ادا کیاتھا تاہم اس بار نے اس نے کنارہ کشی اختیا رکرلی جو ہڑتال کی کال دینے والوں کیلئے حیران کن فیصلہ تھا ۔ چیمبر کے ایک سینئر ممبرکاکہناہے کہ حالیہ بندکال لوگوں پر زبردستی ٹھونسی گئی تھی جس کے سیاسی مقاصد تھے ۔ان کاکہناہے ’’جموں بار ایسو سی ایشن کے انتخابات 19اپریل کو ہونے ہیں اور موجودہ صدر ایسے وقت میں اس طرح کے بڑے فیصلے نہیں لے سکتے جب ان کی مدت پوری ہورہی ہے ‘‘۔تاہم انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے انہوںنے ایسا کیا اور پورے صوبہ جموں کو شرمسار کردیا اور اب ان پر مجرم کو بچانے کا الزام ہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے کی جارہی ہڑتال کی حمایت نہیں کرسکتے ۔ مذکورہ ممبر نے کہاکہ کرائم برانچ کی تحقیقات کی نگرانی ہائی کورٹ کی طرف سے کی جارہی ہے اوراس پر سوالات اٹھانے کے بارے میں وکلاء کو سمجھ ہونی چاہئے ۔