جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کل سال 2021-22 ء اور 2022-23 ء کے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں تمغے جیتنے والوں کومُبارک باد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام کھلاڑیوں اور کوچوں کو اُن کی شاندار کارکردگی پرمُبارک باد دی۔17 شعبوں سے تعلق رکھنے والے کُل 368 کھلاڑیوں کو ڈی بی ٹی موڈ کے ذریعے ان کے بینک کھاتوں میں براہ راست 1.35 کروڑ روپے کے خصوصی نقد انعامات حاصل کئے ہیں۔ اَقصیٰ گلزار کو 12 لاکھ روپے اور سوہن کموترا کو بالترتیب پینکاک سیلاٹ اور شطرنج کے کھیلوں میں 8 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کے پریڈ گراؤنڈ میں 4.83 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید ترین سنتھیٹک فٹ بال ٹرف کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے 4.85 کروڑ روپے کی لاگت سے بندھو رک میں سنتھیٹک فیلڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم نے کھیلوں کے جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی ہے، کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت اور رہنمائی فراہم کی ہے اور دیگر تمام مدد فراہم کی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ جموں و کشمیر کے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میںبہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہوں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کھیلوں کے بڑے مقابلوں میں شاندارکامیابی حاصل کرنے پر پیرا ٹیموں اور خواتین کھلاڑیوں کو مُبار ک باد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ چند برسوںمیں مجموعی طور پر 702 کھیلوں کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ جموں یونیورسٹی اور کشمیر یونیورسٹی میں دو ایتھلیٹک ٹریک، پلوامہ، سری نگر، جموں، پونچھ، نگروٹہ میں پانچ سنتھیٹک ہاکی کے میدان اور دو سنتھیٹک فٹ بال میدان بنائے گئے ہیں۔