سمت بھارگو
جموں//سخت سیکورٹی صورتحال اور ہائی الرٹ کے بیچ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور جموں و کشمیر پولیس نے جموں کے کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کے سرحدی دیہاتوں میں جارحانہ گشت کے ساتھ ساتھ تلاشی بھی بڑھا دی ہے۔یہ جارحانہ گشت اور تلاشیاں خاص طور پر سردیوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ دہشت گردوں کی دراندازی کے خدشات کے درمیان جاری ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ جموں کے سرحدی علاقوں کے لئے تازہ سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام سرحدی دیہاتوں اور خاص طور پر بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع بدنام زمانہ دراندازی کے راستوں پر توجہ دی گئی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ، انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سرحد کے ساتھ والے علاقے جن میں گہرے گڑھے ہیں، بارش کے پانی کے نالے جن میں اونچی گھاس کی افزائش ہے، جسے سرکنڈہ کہا جاتا ہے، کڑی نگرانی میں ہیں۔سیکورٹی کی سخت صورتحال کے ایک حصے کے طور پر، ایریا ڈومینیشن ایکسرسائز، ایریا ڈومینیشن آپریشنز، گشت، تلاشی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہاکہ پیر کو بھی، بی ایس ایف اور ایس او جی اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے جارحانہ گشت کے ساتھ ساتھ سرحدی دیہاتوں بشمول بسنتر ندی، دیگھ ندی، گاؤں چکلا اور سانبہ ضلع کے دیگر علاقوں میں تلاشی لی۔اسی طرح کٹھوعہ میں، انہوں نے کہاکہ تنگ دیو پور سمیت دیہاتوں میں جارحانہ کارروائیاں کی گئی ہیں۔