عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں کے ارنیا میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ والے علاقوں میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے کیونکہ جمعرات کی دیر شام شدید فائرنگ شروع ہوئی جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی۔بارڈر سیکورٹی فورس نے واقعے کو پاک رینجرز کی بلا اشتعال فائرنگ قرار دیا ہے۔جموں میں بی ایس ایف کے ترجمان کے مطابق جمعرات کی شام 8 بجے کے قریب پاک رینجرز نے جموں کے ارنیا علاقے میں بی ایس ایف کی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کے جوانوں کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں بھاری چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔اس دوران پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ میں کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔اس دوران سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں علاقے کے لوگوں کو فائرنگ کے درمیان محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنگ بندی کے درمیان پچھلے دو سال سے آئی بی پر حالات نسبتاً پرسکون تھے لیکن گزشتہ ہفتے فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں ارنیا میں آئی بی پر تعینات بی ایس ایف کے دو اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ آج کی فائرنگ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا دوسرا واقعہ ہے۔