یو این آئی
سرینگر//جموں وکشمیر کے نو منتخب نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں کو اگر بچانا ہے، کاروبار ، ٹرانسپورٹ اور سیاحت کو فروغ دینا ہے تو اس کیلئے دربار مو کی روایت کو دوبارہ بحال کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔بی جے پی کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے قلم سے کام کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج نیشنل کانفرنس کی لیڈر شپ نے جموں کے لوگوں کو بہت بڑا تحفہ دے کر مجھے نائب وزیر اعلیٰ کی کرسی سونپی۔انہوں نے کہاکہ میں پہاڑی علاقے کا رہنے والا ہوں، یہاں کے لوگوں کو ہمیشہ دکھ کے سوا کچھ نہیں ملا لیکن نیشنل کانفرنس پہاڑی علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی انصاف فراہم کرے گی۔ نائب وزیرا علیٰ نے کہا’’نیشنل کانفرنس نے الیکشن منشور میں لوگوں سے جتنے بھی وعدے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ان کے مطابق گزشتہ دس سالوں کے دوران جموں وکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوئے بلکہ زبانی جمع خرچ کیا گیا۔دربار مو کی روایت کو دوبارہ بحال کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے سریندر چودھری نے کہاکہ جموں کو اگر بچاناہے، تاجروں اور سیاحت کو اگر فروغ دینا ہے تو دربار مو کی روایت کو دوبارہ بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ جموں وکشمیر کے لوگ نیشنل کانفرنس کی طرف دیکھ رہے ہیں لہٰذا میں عوام الناس کو یقین دلانا چا ہتا ہوں کہ سبھی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔ نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں وعدہ کیا ہے کہ ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا مرکزی حکومت کو اب سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا وعدہ پورا کرنا چاہئے کیونکہ اب چنی ہوئی سرکار نے اپنا کام کاج سنبھالا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ دس سالوں کے دوران بی جے پی جموں سے تعلق رکھنے والے ڈی جی پی کو تعینات نہیں کر سکی۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے نئی حکومت تشکیل دینے کے ساتھ ہی جموں اور کشمیر کو برابری کی بنیاد پر انصاف فراہم کیا ۔سریندرکمار چودھری نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ قلم سے فیصلہ لیا جبکہ بھاجپا والے زبان سے فیصلہ لیتے ہیں اور انہیں آج نیشنل کانفرنس کی قیادت نے سخت جواب دیا ہے۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری، جنہوں نے نوشہرہ حلقے سے بی جے پی کے صدر رویندر رینہ کو شکست دی، کہا “مجھے نائب وزیر اعلیٰ کا قلمدان سونپا گیا ہے جو میرے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ میں اپنی بھرپور صلاحیتوں سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔ گزشتہ 10 سال کا خلا پر کرنا بہت مشکل ہے۔ مجھے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ میں جموں کے لوگوں کی خدمت کر سکوں گا، حالانکہ یہ کام چیلنجز سے بھرپور ہے”۔