سرینگر //جموں وکشمیربینک اپنی روایات کے مطابق ہر کٹھن مرحلے پر گاہکوں اور اس خطے کے عوام کی امیدوں پر پورااترنے کی کوشش کرے گااوراُن کی ہرجائز مانگ کوپوراکیاجائے گا۔اس بات کی یقین دہانی جموں کشمیر بینک کے نوتشکیل شدہ ایگزیکیٹوسطح کی کمیٹی نے کشمیرٹریڈرس اینڈمینوفیکچررس فیڈریشن کے ایک وفد کو دی جواُن سے جموں کشمیر کے کاروباریوں کوکوروناوائرس کی عالمگیروباء کی وجہ سے درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ملاقی ہوا۔ ایگزیکٹیو لیول پر اس کمیٹی کی سر براہی بینک کے تین ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ ارون گنڈوترا، غلام نبی تیلی اور سنیل گُپتا کر رہے ہیں جسکا مقصدمختلف تجارتی شعبوں سے منسلک تاجروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے ایک لائحہ عمل مرتب کرناہے تاکہ موجودہ اور آگے کی کاروباری منزلوں کو آسان بنایا جاسکے۔ اس تناظر میں ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ ارون گنڈوتر اور غلام نبی تیلی کی رہنمائی میں بینک کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے کے ٹی ایم ایف وفد کے ساتھ انہیں در پیش مختلف مسائل پر گفت و شنید کی۔
بینک کی ٹیم میں وائس پریزیڈنٹ فیاض احمد زرگر، پیر مسعود، منظور حسین، تصدق احمد، تبسم نظیر اور اے وی پی ریاض احمد بھی شامل تھے جبکہ منظور احمد بٹ کی قیادت میں کاروباری وفد میں بشیر احمد کنگپوش، فرحان جان کتاب، عبدالمجید بٹ، قاضی توصیف، لطیف احمد صوفی، فاروق احمد شاہ، راجہ فدا حسین اور اشفاق احمد مہاجنشامل تھے، نے فیڈریشن کی طرف سے بینک کے دو نئے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹس کو انکی ترقی پر مبارکباد دیدی اور ساتھ ہی موجودہ حالات کے تعلق سے کچھ تجاویز اوراپنا نقطہ نظر سامنے رکھا۔وفد نے اکاؤنٹس پر لگے سود اور ماہانہ قسطیں کاٹنے کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ کئی بینک شاخوں پر بینک انتظامیہ کے فیصلے کو من و عن نہیں عملایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایگزیکٹیو کمیٹی پر زور دیا کہ وہ برانچوں کو سختی سے ہدایات جاری کریں تاکہ متاثرہ تجارتی برادری کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔فیڈریشن کے نمائندوں نے بینک اعلیٰ انتظامیہ کو کئی تجاویز پیش کیں اور کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بینک کی طرف سے وفد کو یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ،ماہانہ قسطیں نہیں کاٹی جائیں گی اور جہاں پر ایسی کوئی مثال موجود ہے تو وہاں ہم اپنے سسٹم کو ٹھیک کرینگے۔ البتہ کیش کریڈٹ کھاتوں میں لگے سود کے عوض عارضی لمٹ بھی دی جائیگی تاکہ گاہکوں کو ان کھاتوں کو چلانے میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بینک اپنے گاہکوں کے ساتھ مضبوط رابطہ بنائے رکھنے کیلئے نوڈل آفیسروں کو نامزد کرے گا جو کسی بھی وقت ٹیلیفون پر مہیا رہیں گے اور کسی بھی جائز شکایت کا ازالہ کرینگے۔ بینک انتظامیہ نے وفد کو باور کرایا کہ تجارتی طبقے کے ساتھ صلاح مشورے بینک کی بورڈ آف ڈائریکٹرس کی ہدایات پر کئے جا ر ہے ہیں اور بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹر راجیش کمار چھبراز خود حالات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ایک ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جائے جو بینک اور کاروباریوں دونوںکیلئے مفید ثابت ہوسکے۔دریں اثناء نجی تعلیمی اداروں کیلئے کو وڈ۔19ورکینگ کپیٹل ڈمانڈ لون سیکم کے بارے میں جانکاری دیدی گئی ۔ وفد کو یقین دلایا گیا کہ جموں وکشمیر بینک اپنی روایت کے مطابق ہر کٹھن مرحلے پر اپنے گاہکوں اور اس خطے کے عوام کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کریگا اور انکی ہر جائز مانگ کو پورا کیا جائیگا۔