سرینگر//جموں کشمیرمیں 2020-21 کے مالی سال کے میزانیہ میں ممکنہ طور پر ایک لاکھ20ہزار کروڑ روپے کی حد عبور ہوگی۔ ممکنہ طور پر جموں وکشمیر انتظامیہ آئندہ مالی سال کے لئے 1.20 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے بجٹ کی منصوبہ بندی کرے گی جس کا مرکزی مقصد معاشی بحالی اور مرکزی خطے کے ترقیاتی منظرنامہ محرک ہے۔حکام نے بتایا کہ چونکہ جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے بغیر ہے ، لہٰذا جموں و کشمیر تنظیم سازی قانون مجریہ 2019 کی دفعات کے مطابق بجٹ مرکزی وزارت خزانہ پیش کرے گی اور اس کو پارلیمنٹ کے ذریعے منظور کیا جائے گا۔سال 2020 میں مرکزی وزیر خزانہ ، نرملا سیتا رمن نے جموں و کشمیر کا پہلا بجٹ پارلیمنٹ میں مرکزی زیر انتظام خطہ کے طور پر پیش کیا تھا۔محکمہ خزانہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا’’گذشتہ سال ہمارے پاس 1 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا بجٹ تھا ، اس سال ہمارے تخمینے کے مطابق یہ 1.20 لاکھ کروڑ روپے سے بھی تجاوز کرنے جارہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے اور معیشت کو ترقی دینے کی خواہشمند ہے، جس کو کوروناوبائی مرض کا سامنا کرنا پڑا ہے‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ خزانہ نے مرکزی زیر انتظام علاقہ کے سرکاری عہدیداروں سے متعدد ملاقاتیں کیں، جنہوں نے بہتر ترسیل کے لئے اپنی ضروریات پیش کی ہیں۔ مذکورہ افسر نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ میں مشاورت کے علاوہ ، مرکزی حکومت کے نمائندوں سے بجٹ کے بارے میں متعدد بار بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا ’’مالیاتی منصوبے کی دستاویز کو حتمی شکل دینے کے بعد محکمہ خزانہ اسے انتظامی کونسل کے سامنے پیش کرے گا جہاںلیفٹیننٹ گورنر کی منظوری کے بعد اسے حکومت ہند کے سامنے پیش کیا جائے گا‘‘۔فائنانشل کمشنر ، محکمہ خزانہ ، ارون کمار مہتا نے آئندہ بجٹ کے بارے میں کوئی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا ’’یہ ایک خفیہ دستاویز ہے، میں اس کے بارے میںکسی طرح کی تفصیلات کا اشتراک نہیں کرسکتا۔تاہم ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر کا بجٹ پارلیمنٹ کے آئندہ بجٹ اجلاس کے دوران منظور ہونے کا امکان ہے جو فروری میں ہونے کا امکان ہے۔جموں و کشمیر کو رواں مالی سال میں 1 لاکھ کروڑ کا بجٹ ملا۔جموں کشمیر کو سال2019-20میں 88ہزار911کروڑ کا بجٹ ملا،اور یہ متحدہ ریاست کو دو مرکزی زیر انتظام والی خطوں میںتقسیم سے قبل دیا گیا تھا۔ اس وقت بھی جموں کشمیر میں کوئی منتخب حکومت موجود نہیں تھی اور بجٹ اس وقت کی ریاستی انتظامی کونسل نے منظور کیا تھا جس کی سربراہی جموں و کشمیر ریاست کے آخری گورنر ستیہ پال ملک نے کی تھی۔اگر مرکزی زیر انتظام خطے کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ کو مکمل طور پر نافذ کیا جاتا ہے تو ، یہ لگاتار تیسری مدت کے لئے ہوگا ، جموں و کشمیر کے بجٹ میں امسال کے مقابلہ میں 10 فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کریں گی۔جب تک جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوتے ہیں تب تک بجٹ پارلیمنٹ میں منظور کیا جائے گا۔ تاہم ، ایک بار جب مرکزی علاقہ کی اپنی حکومت ہو جاتی ہے ، تب وہ مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ کی گرانٹ کے مطابق اپنا بجٹ بناسکتی ہے۔