سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کو فروغ دینے کی مرکزی وزارت نے جموں کشمیر کو تعلیم کے شعبے میں نئے نئے اقدامات اٹھانے میں ہماچل پردیش کے بعد دوسری بہترین ریاست قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان محکمہ تعلیم کی ناردرن زونل کانفرنس کے دوران کیا گیا ۔ وزیر نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے ریاست کی کافی پذیرائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم کے دائرے کو ریاست کے کونے کونے تک وسعت دینے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت تعلیمی شعبے کو بلندیوں تک لے جانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ وزیر نے نجی شعبے کو تعلیمی سیکٹر کو مستحکم بنانے کے سلسلے میں اُن کے اقدامات کی بھی سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے مل کر تعلیمی نظام میں بہتری لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ہماری ریاست قومی اور بین الاقوامی سطحوں پر مقابلہ آرائی کر رہی ہے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ نجی سکولوں میں بہتر بنیادی ڈھانچہ ہونے کے باوجود سرکاری سکولوں کا عملہ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سکولوں میں بنیادی ڈھانچہ کو بڑھاوا دینے کا عمل شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکول پیسہ کمانے کیلئے قایم نہیں کئے جاتے بلکہ بچوں کے مستقبل سنوارنے کیلئے قایم کئے جاتے ہیں ۔ الطاف بخاری ہیٹرک پبلک سکول کے سپورٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے یہاں وہ مہمانِ خصوصی کی حثیت سے موجود تھے ۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر جی این ایتو ، سی ای او سرینگر فاروق احمد ڈار ، جسٹس ( ریٹائیرڈ ) مظفر جان ، چئیر مین پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن جی این وار ، چئیر مین ہیٹرک پبلک سکول شوکت حسین چودھری کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ وزیر نے سکول احاطے میں یونیفائیڈ مارشل آرٹ اکیڈمی اور منی گالف کورس کا بھی افتتاح کیا ۔ انہوں نے تیر اندازی کے کوچنگ کیمپ کا بھی افتتاح کیا ۔ بعد میں وزیر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلاب میں اسناد تقسیم کئے ۔