رمیش کیسر
نوشہرہ//جموں پونچھ قومی شاہراہ 144 پر پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں ایک پولیس اہلکار کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر راحت رسانی کا کام شروع کیا۔راجوری سے آنے والی سائی ٹریول کی ایک بس شام کے وقت نوشہرہ کے قریب قومی شاہراہ پر ایک کار سے زبردست ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔حادثے میں سب انسپکٹر شبھم چودھری ولد دیو راج سکنہ کلسیان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ان کی اچانک موت سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ پولیس محکمہ میں بھی سوگ کا ماحول پیدا ہو گیا۔حادثے میں راکیش کمار ولد جگدیش راج ساکن گنیہ، رانک چودھری ولد راکیش کمار ساکن کلسیان اور سواتی چودھری دختر راجیش کمار ساکن گنیہ شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں اور راہگیروں نے فوری طور پر زخمیوں کو باہر نکال کر سندر بنی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تینوں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے دونوں گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور بے قابو ڈرائیونگ بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔مقامی لوگوں نے قومی شاہراہ پر بڑھتے ہوئے سڑک حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شاہراہ پر ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرائی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے