جموں //اپنی پارٹی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ اپنی پارٹی کی طرف سے گاندھی نگر دفتر پر فاروق چوہدری کے زیر اہتمام تقریب منعد ہوئی جس میں جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ اور دیگر پارٹی لیڈران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر متعدد افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔وجے بقایہ نے اِ ن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ منتخبہ حکومت براہ راست جموں وکشمیر کے اطراف واکناف میں لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا’’منتخب نمائندگان پر ذمہ داری ہوتی ہے اور وہ عوام کے سامنے جوابدہ بھی ہوتے ہیں، لہٰذا جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کرائے جانے چاہئے۔‘‘بقایہ نے کہاکہ ’’حکومت کے لئے یہ ناگزیر ہے کہ جموں وکشمیر کے اندر انتخابات کے انعقاد میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے‘‘۔اس موقع پر بولتے ہوئے سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے کہاکہ جموں وکشمیر ریاست کا درجہ بغیر کسی تاخیر بحال کیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا’’وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں وکشمیر کی عوام سے وعدہ کیا ہے کہ اسٹیٹ ہڈ بحال کی جائے، غیر ضروری تاخیر نے لوگوں کو حکومت سے الگ تھلگ کر دیا ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ صوبہ جموں سے ملی ٹینسی کا خاتمہ ہوگیا ہے اور حالات کشمیر میں بھی معمول پر ہیں، حکومت کے لئے یہ مناسب وقت کے لئے وعدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ریاستی درجہ بحال کیاجائے ۔