عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سپریم کورٹ جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کی درخواستوں پر آج سماعت کرے گا۔درخواستیں سیریل نمبر 17میں چیف جسٹس آف انڈیا کی عدالت کے سامنے درج ہیں۔ ایڈوکیٹ صیب قریشی نے کہا کہ یہ کیس 10 اکتوبر کو چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی میں بنچ کے سامنے سماعت کے لیے درج ہے۔انہوں نے کہا کہ یونین آف انڈیا نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی جواب داخل نہیں کیا ہے۔ 14اگست کو جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوائی اور جسٹس کے ونود چندرن پر مشتمل بنچ نے کہا، آپ کو زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے، آپ پہلگام میں جو کچھ ہوا اسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ ریاست کا درجہ بحال کرنے میں مسلسل تاخیر وفاقیت کے اصول کی خلاف ورزی ہے جو کہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہے۔انہوں نے یہ بھی عرض کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی دسمبر 2023 کی ہدایت پر عمل درآمد کے لیے کوئی واضح ٹائم لائن مرتب کرنے یا اس پر عمل درآمد کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے کہ ‘ریاست کی بحالی جلد از جلد ہوگی’۔