عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ غیر روایتی اور غیر متناسب جنگ، بشمول ہائبرڈ جنگ، مستقبل کی روایتی جنگوں کا حصہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو منصوبہ بندی اور حکمت عملی بناتے وقت ان تمام پہلوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔سنگھ نے نئی دہلی میں آرمی کمانڈروں کی کانفرنس میں خطاب کے دوران کہا”ہمیں دنیا بھر میں ہونے والے واقعات سے سیکھتے رہنا چاہیے۔
غیرمتوقع کی توقع کریں اور اس طرح منصوبہ بندی کریں، حکمت عملی بنائیں اور اس کے مطابق تیاری کریں” ۔شمالی سرحدوں کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے، انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، تاہم پرامن حل کے لیے جاری مذاکرات ہر سطح پر جاری رہیں گے۔انہوں نے پاکستان کا نام لیے بغیر مغربی سرحدوں کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستانی فوج کے جواب کو سراہا تاہم دشمن کی جانب سے پراکسی وار جاری ہے۔انہوں نے کہا”میں جموں اور کشمیر میں دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے میں سینٹرل سیکورٹی فورس/پولیس فورسز اور فوج کے درمیان بہترین ہم آہنگی کی تعریف کرتا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہم آہنگی کے ساتھ آپریشنز خطے میں استحکام اور امن میں اضافہ کر رہے ہیں۔آرمی کمانڈروں کی کانفرنس کے دوران، ہندوستانی فوج کی اعلی قیادت نے موجودہ سیکورٹی کے تمام پہلوں، سرحدوں کے ساتھ ساتھ اور اندرونی علاقوں کی صورت حال اور موجودہ سیکورٹی اپریٹس کو درپیش چیلنجوں پر جامع طور پر غور کیا۔اس کے علاوہ، کانفرنس تنظیمی تنظیم نو، لاجسٹکس، انتظامیہ اور انسانی وسائل کے انتظام سے متعلق امور پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔