عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے ہفتہ کو پورے کشمیر میں تقریباً 7اضلاع میںکئی مقامات پر چھاپے مارے جس کے تحت ان مقامی ملی ٹینٹوں اور انکے رشتہ داروں کے گھروں کی تلاشی لی گئی، جو فی الوقت سرحد پار مقیم ہیں۔حکام نے بتایا کہ یہ چھاپے وادی کے اننت ناگ، کولگام، شوپیان،بانڈی پورہ، سوپور اور ہندواڑہ کے علاقوں میں مارے گئے۔
جنوبی کشمیر
اننت ناگ ضلع میں، پولیس نے لیور سری گفوارہ میں حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر عامر خان اور مالیاتی سربراہ ظفر بٹ کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ خان اور بٹ 1990 کی دہائی میں اپنے گھر چھوڑ کر پاکستان چلے گئے۔ حکام نے بتایا کہ وہ ہندوستان کے خلاف ہدایت کی جانے والی ملی ٹینسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور سرحد پار سے کام کر رہے ہیں۔کولگام پولیس نے پاکستان/پاک مقبوضہ کشمیر سے کام کرنے والے جموں و کشمیر کے شہریوں کے خلاف ایک وسیع کریک ڈان شروع کیا۔ترجمان نے ایک بیان میں، ضلع میں ملی ٹینسی اور تخریبی سرگرمیوں کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کے مقصد سے ایک بڑی کارروائی میںمخصوص انٹیلی جنس معلومات پر عمل کرتے ہوئے، ضلع کے کئی حصوں میں متعدد سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں ایسے افراد کو نشانہ بنایا گیا جو اس وقت سرحد کے اُس پار مقیم ہیں۔آپریشن کے دوران، فعال اراکین کے متعدد رشتہ داروں اور ساتھیوں کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ شوپیان پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں ایک وسیع آپریشن کے دوران متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائیاں ان افراد اور ٹھکانوں کے خلاف کی گئیں جو مبینہ طور پر پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں سرگرم ہیں۔پولیس کے مطابق، یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انجام دی گئیں تاکہ ان نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا جا سکے جو سرحد پار سے ہدایات یا مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں۔ ۔
وسطی کشمیر
ملی ٹینسی کی حمایت کرنے والے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی ایک بڑی کارروائی میں، بڈگام پولیس نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے کام کرنے والے جموں و کشمیر کے شہریوں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈان شروع کیا۔پولیس ترجمان نے کہا، مخصوص انٹیلی جنس معلومات پر عمل کرتے ہوئے، خان صاحب، بیروہ اور بڈگام کے علاقوں میں متعدد سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں ایسے افراد کو نشانہ بنایا گیا جو سرحد کے اس پار مقیم اپنے رشتہ داروں کے کہنے پر ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں سہولت کاری، میں ملوث ہیں۔ گاندربل پولیس نے ضلع کے 59 مقامات پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ پولیس بیان کے مطابق مخصوص انٹیلی جنس معلومات پر عمل کرتے ہوئے گاندربل اور کنگن کے متعدد مقامات پر ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے والے افراد کے رہائشی مکانات کی تلاشی لی گئی۔یہ کاروائی ایسے افراد کے خلاف انجام دی گئی جو ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں سہولت کاری، فنڈنگ اور فروغ دینے میں ملوث ہیں۔یہ کاروائی سرحد پار موجودملی ٹینٹوں کے رشتہ داروں، ساتھیوں کے خلاف کی گئی۔
شمالی کشمیر
بانڈی پورہ میںپولیس نے پاکستان/پاک مقبوضہ کشمیر سے کام کرنے والے جموں و کشمیر کے شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان کیا۔مخصوص انٹیلی جنس معلومات پر عمل کرتے ہوئے، ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں متعدد مقامات پر سرحد پار مقیم ملی ٹینٹوں کے گھروں اور انکے رشتہ داروں کے مکانوں کی تلاشی لی گئی۔ ہندواڑہ میں، اس وقت سرحد پار سے سرگرم ملی ٹینٹ کارندوں کے رشتہ داروں اور ساتھیوں اور کالعدم تنظیموں سے منسلک افراد کے گھروں اور احاطے میں تلاشی لی گئی۔حکام نے کہا کہ اس مشق کا مقصد علاقے کے اندر سے ان ملک دشمن عناصر تک کسی بھی روابط، مادی مدد یا مواصلات کا پتہ لگانا تھا۔سوپور میں، پولیس نے اوور گرائونڈ کارکنوں اور پاکستان میں سرحد پار سے کام کرنے والے ملی ٹینٹوںکے ساتھیوں کے خلاف کریک ڈان شروع کیا۔حکام نے بتایا کہ جاری آپریشن کے ایک حصے کے طور پر، مختلف علاقوں سے مشتبہ او جی ڈبلیوز کی بڑی تعداد کو پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ “بہت سے مشتبہ افراد کے خلاف حفاظتی حراستی قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے سب جیل میں بند کر دیا گیا ہے ۔”
پیر پنچال/چناب
راجوری اور پونچھ میں بھی پولیس نے وادی میں کی گئی چھاپوں کی کارروائی میں متعدد مقامات پر تلاشیاں لیں۔یہاں بھی وہ مقامات نشانہ بنائے گئے، جو پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹوں کے رشتہ دار ہیں۔چناب خطے میں بھی اسی طرح کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔