سرینگر//لبریشن فرنٹ (آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو،ایڈوکیٹ ایوب راٹھور،ممتاز احمد راٹھور اور صدیق احمد راٹھور نے جینوا سے برطانیہ واپسی پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ انہوں نے جینوامیں اقوام عالم کو بتایا کہ سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت کس طرح جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اگر یوں ہی لٹکتا رہا تو بھارت کی معیشت اور اقتصادی حالت بھی تباہ کن صورتحال سے دوچار ہوگی ۔انہوں نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی حکومت کی جانب سے فرنٹ کے کارکنوں پر گولیاں چلانے اورلاٹھی چارج کرنے کے واقعہ کو غیر مناسب قرار دیا ۔بیرسٹر ترمبو نے ایسے اقدامات پر فوری روک لگانے کا مطالبہ دہرایا۔