سرینگر//کھیلوں کا محکمہ، جموں و کشمیر 69 ویں نیشنل سکول گیمز کی میزبانی کر رہا ہے، یہ ایک باوقار قومی کھیل کا ایونٹ ہے جس میں ہندوستان کی ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے چار ہزار سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ یہ تقریبات سرینگر اور جموں کے مقامات پر اکتوبر 2024میں شروع ہوں گی۔نیشنل سکول گیمز، جو سکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا کے زیراہتمام منعقد ہوتے ہیں، ہندوستان کا سب سے بڑا اسکولی سطح کا ملٹی سپورٹس ایونٹ ہے۔ یہ قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ایک بنیادی فیڈر سسٹم کے طور پر کام کرتا ہے۔آنے والے گیمز میں چار شعبوں فٹ بال، ووشو، تائیکوانڈو اور ٹیبل ٹینس میں مقابلے ہوں گے۔ ایتھلیٹس انڈر 14، انڈر 17 اور انڈر 19 عمر کے زمروں میں مقابلہ کریں گے۔یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل انورادھا گپتا نے منگل کو سری نگر میں آرگنائزنگ کمیٹی کے تمام کنوینر کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی صدارت کی۔ انڈر 19 لڑکوں کے لیے فٹ بال ایونٹ 6 سے 10 اکتوبر تک پولو گرائونڈ، ایس پی کالج، ٹی آر سی گرائونڈ،کشمیر یونیورسٹی، جی سی او پی ای گاندربل اور گرین ویلی سری نگر سمیت متعدد مقامات پر منعقد ہونگے۔ اس کے بعد 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک انڈر سپورٹس کمپلیکس اور انڈور کمپلیکس پولو گرائونڈ سری نگر میں انڈر 17 لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ووشو چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔اس کے بعد سپورٹنگ ایکشن جموں منتقل ہو جائے گا، جس کا آغاز انڈر 19 لڑکوں کے تائیکوانڈو ایونٹ سے ہوگا، جو دو مرحلوں میں 9 سے 13 نومبر تک اور پھر 15 سے 19 نومبر تک بھگوتی نگر میں ہوگا۔ یہ کھیل جموں یونیورسٹی کے انڈور کمپلیکس میں 21 سے 25 نومبر تک انڈر 19 لڑکوں اور لڑکیوں کے ٹیبل ٹینس مقابلے کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گے۔