نئی دہلی // مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کو مرکز بنا کر پیر کو ملک کی داخلی صورتحال کے حوالے سے ایک طویل میٹنگ طلب کی، جس میں قومی سلامتی مشیر اجیت دوول اور انٹلی جنس بیورو سربراہ بھی موجود رہے۔وزیر موصوف کو اجیت دوول، داخلہ سیکریٹری راجیو گوبا، آئی بی سربراہ راجیو جین کہ جگہ انکے نمائندے انیل دسمانہ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔جوائنٹ سیکریڑیز نے وزیر کو داخلی صورتحال کے حوالے سے پرزنٹیشن دی۔شاہ کو ریاست جموں و کشمیر اور سرحدی علاقوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ سیکریٹری را، نے امت شاہ کو ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجوں کے بارے میں مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا، انہیں جنگجوئوں کی جانب سے خطرات اور پاکستان و بنگلہ دیش میں موجود جنگجو گروپوں کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے اندرونی سیکورٹی ڈیپاٹمنٹ اور کشمیر امور ڈویژن نے الگ الگ خصوصی نوٹ پیش کئے۔بتایا جاتا ہے کہ شاہ نے ماو نواز تشدد پر تشویش کا اظہار کیا اور انہوں نے جہادی گروپوں کی سرگرمیوں، خاص کر کیرالہ اور ملحقہ ریاستوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وزیر داخلہ آئندہ آنے والے ایام کے دوران مختلف سیکورٹی فورسز کے سربراہان سے بھی ملنے والے ہیں۔