عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا(ای سی آئی) نے منگل کو جموں و کشمیر میں 18 ستمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا۔پہلے مرحلے میں اننت ناگ، پلوامہ، شوپیان، کولگام، ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ کے7 اضلاع میں کل 24 اسمبلی حلقوںکیلئے پولنگ ہوگی ۔ باقی 66 حلقوں کے لیے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں پولنگ ہوگی، جو 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہونگے۔جموں و کشمیر میں 10سال بعد اسمبلی انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں۔
کشمیر ڈویژن میں جن16 اسمبلی حلقوں میں 18ستمبر کو پہلے مرحلے کے تحت انتخابات ہونے جارہے ہیں، ان میں ترال، پلوامہ،راجپورہ، زینہ پورہ، شوپیان، پانپور،دمحال ہانجی پورہ،کولگام،دیوسر،ڈورو ،کوکرناگ (ST)، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ، سری گفوارہ -بجبہاڑا،شانگس -اننت ناگ ایسٹ، پہلگام اور جموں ڈویژن کے اسمبلی حلقوں میں کشتواڑ، پاڈرر- ناگسینی،بھدرواہ، ڈوڈہ،ڈوڈہ ویسٹ، اندروال رام بن اور بانہال شامل ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 اگست ہے۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اگست ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان اسمبلی حلقوں کے لیے پولنگ صبح 7:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک ہوگی۔دوسرے مرحلے میں 26 نشستوں کیلئے25 ستمبر کو انتخابات ہوں گے اور تیسرے اور آخری مرحلے میں 40 نشستوں کے لیے یکم اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔