جموں اور کٹھوعہ اضلاع سب سے زیادہ متاثر،6مریض ہسپتال میں زیرعلاج
عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں میں ڈینگی بیماری کا پھیلائو شد و مد سے جاری ہے جس دوران 70نئے معاملات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 1410تک پہنچ گئی ہے ۔حکام کے مطابق جموں کے مختلف علاقوںمیں ڈینگی بیماری کے 70نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق 4 اکتوبر کو 379 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد نئے معاملات میں سے 41مرد اور 29 خواتین ہیں، جن میں 15 بچے اور 55 بالغ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادھم پور ضلع میں سب سے زیادہ 27کیس رپورٹ ہوئے، جس سے اس کی کل تعداد 158ہوگئی۔ جموں میں 20نئے کیس سامنے آئے، جس سے اس کی مجموعی تعداد 589ہوگئی۔ کٹھوعہ میں 19کیس ریکارڈ کیے گئے اور اس کے کل معاملات 401ہوگئے۔ سانبہ میں 2نئے معاملات رپورٹ ہوئے جبکہ راجوری اور ڈوڈہ میں ایک ایک کیس کا پتہ چلا۔حکام کے مطابق اب تک، اس سال ڈینگی کے 16515ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جو کہ سال 2024کے اسی عرصے کے دوران ریکارڈ کیے گئے 16125سے قدرے زیادہ ہیں۔ تاہم، کل متاثرین پچھلے سال کے 2,335کیسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق آج کوئی نیا داخل نہیں ہوا جبکہ 2مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد فارغ کر دیا گیا اور 6مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔صحت کے حکام نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں، مچھروں کی افزائش کو روکیں، اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں جیسے کہ بھگانے والے ادویات کا استعمال اور ارد گرد کو صاف ستھرا رکھنا ہے ۔