سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلی ڈاکٹر عبد الطیف الکندی نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ گذشتہ سال سے اب تک وادی کشمیر، لداخ اور جموں کے مختلف اضلاع میں 50 سے زائد دعوتی کانفرنسوں کا انعقاد ہوا ،جن میں ہزار وں مندوبین شامل ہو ئے۔انہوں نے کہا کہ اب جمو ں شہر کے مرکزی عید گاہ میں 18 فروری اتوار کو ایک اور دعوتی اجتما ع بعنوان’’اسلام اور پیغام انسانیت‘‘ کا نفرنس منعقد ہونے جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں دیگر جید ، معتبر اور مستند علمائے حق کے علاوہ اسلامی دنیا کی مایہ ناز اور ممتازعلمی شخصیت علامہ ظفر الحسن مدنی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر الکندی نے امید ظاہر کی کہ جموں واسی مذہب و ملت کی کسی تمیز کے بغیر اسلام کے انسانیت کے حیات آفرین پیغام سے مستفید ہونے کے لیے اس کانفرنس میں تشریف لائیں گے۔