عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں وکشمیر بھاجپا کے صدر رویندر رینہ نے پارٹی کے جنرل سیکر یٹری اشوک کول کی موجودگی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں سے ’بھارت رائس‘ وین کو ہری جھنڈی دکھائی۔اس موقع پر بی جے پی کے نائب صدر یودھویر سیٹھی، شکتی سنگھ پریہار، پون کھجوریا اور انورادھا چاڑک کیساتھ ساتھ دیگر سنیئر لیڈران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں سرویشور گروپ کے ذریعے 29 روپے فی کلو کی رعایتی قیمت پر بھارت چاول تقسیم کئے جا رہے ہیں۔سرویشور گروپ نے اپنے چیئر پرسن روہت گپتا، پوجا گپتا، انیل شرما، مہادیپ سنگھ جموال، ڈاکٹر راکیش گپتا، اور دیگر کمپنی کے نمائندوں کی قیادت میں اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔رویندر رینہ نے گاڑیوں کو جھنڈی دکھاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت غریبوں اور ضرورت مندوں کے لئے فکر مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت، جس نے خود کو عوام کے لئے فکر مند حکومت کے طور پر قائم کیا ہے، نے ضرورت مند آبادی کے فائدے کے لئے گزشتہ تقریباً 10 سالوں میں فیصلہ کن اقدامات کئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اس ملک کے باشندوں کے حق میں ایک اور فیصلہ لینے کے لئے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا۔رینہ نے کہا کہ ملک کی 80 کروڑ سے زیادہ آبادی اور جموں و کشمیر میں 60 لاکھ لوگوں کو مفت راشن فراہم کرنے کے علاوہ مودی حکومت نے پہلے رعایتی قیمت پر آٹا اور دال فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ موصوف نے کہا کہ اب مودی حکومت نے 29 روپے فی کلو گرام کی رعایتی قیمت پر چاول فراہم کرنے کا ایک اور عوام دوست فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد قوم کی ضرورت مند آبادی کے بڑے حصے کو ریلیف دینا ہے۔اشوک کول نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈی والے چاول 5 کلو اور 10 کلو کے پیک میں دستیاب ہوں گے، کیونکہ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ روزمرہ کی اشیائے خوردونوش عام لوگوں کے لئے مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک وژنری لیڈر قرار دیا، جو معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور عوام دوست پالیسیوں اور مودی حکومت کی شروع کی گئی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔