عظمیٰ نیوز سروس
جموں //اپنی پارٹی نے حکومت کے خلاف غیر طے شدہ بجلی کی کٹوتیوں کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی سپلائی میں آئی بے ترتیبی کی وجہ سے جموں میں عام زندگی کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی بے قاعدہ فراہمی کو متاثر کیا ہے۔پارٹی کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت اس کے صوبائی صدر جموں اور سابق وزیر ایس منجیت سنگھ نے کی اور مختلف محاذی تنظیموں اور ونگز کے رہنماؤں کے ساتھ پنامہ چوک سے شروع ہوا۔اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے، مظاہرین نے پرامن طریقے سے پلے کارڈز اور پارٹی پرچم اٹھائے منیجنگ ڈائریکٹر جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کی طرف حکومت کی ناکامی پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرنے کے لئے مارچ کیا۔مظاہرین جے پی ڈی سی ایل کے دفتر کے احاطے میں جمع ہوئے اور جموں کے میدانی علاقوں کے وسیع علاقوں میں میٹر نصب ہونے کے باوجود مناسب بجلی کی فراہمی کی مانگ کو پورا کرنے میں ناکامی پر ناراضگی ظاہر کی۔سابق وزیر ایس منجیت سنگھ نے دھرنے کے دوران مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت تمام محاذوں پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، خاص طور پر جموں میں گرمیوں کے موسم میں صارفین کو بجلی کی مناسب فراہمی فراہم کرنے میں جس سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں شہر، سانبہ، وجئے پور، کٹھوعہ قصبوں، ادھم پور قصبوں میں بھی بجلی کی کٹوتی کی وجہ سے پینے کے پانی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی سپلائی میں آئے خلل کو جلدازجلد دور کیاجائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانیاں ختم ہو سکیں ۔