سید امجد شاہ
جموں// جموں میں آج ایک ہی دن میں ڈینگو کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے جب کہ پورے خطے میں ڈینگو کے کیسوں کی کل تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔کشمیر میں ڈینگو کے ایک تازہ کیس کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد 4 تک پہنچ گئی ہے۔ایک عہدیدار نے کہا’’136 نمونے جانچ کے لیے لیے گئے جن میں سے 15 کیس ڈینگی سے متاثر پائے گئے۔ان 15 متاثرہ ڈینگو کیسوں میں سے 12 جموں سے تھے، 1 کٹھوعہ وادھم پور اضلاع سے اور وادی کشمیر میں 1تھا‘‘۔جموں ضلع میں 13 اگست 2023 سے اب تک ڈینگو کے سب سے زیادہ یعنی 71 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔13 اگست کو ڈینگو کا ایک کیس سامنے آیا تھا۔ تاہم، 14 اگست کو، حکام نے 12 کیس ریکارڈ کیے جبکہ اگلے دن کیس کم ہو کر صرف 3 رہ گئے۔ 16 اگست کو ڈینگو کے تقریباً 6 کیس تھے۔ 17 اگست کو 13، 18 اگست کو 10 اور19اگست کو کیسوں کی تعداد 15 تھی۔مجموعی طور پر، خطے میں ڈینگوکے 100 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ جموں ضلع سے 71، کٹھوعہ سے 10، سانبہ-اودھم پور-کشمیر سے 4-4 کیس سامنے آئے۔ ریاسی میں 3، پونچھ میں 2، ڈوڈہ میں 1 اور جموں و کشمیر کے باہر سے 1 کیس سامنے آیا ہے۔ اب تک محکمہ صحت نے ڈینگی کے 2483 ٹیسٹ کرائے ہیں۔