صوبائی کمشنرجموںکا انتظامات کا جائزہ ، روٹ وارکرایہ شائع کرنے کی ہدایت
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے جموں ڈویژن کے پہاڑی اور برفباری والے اضلاع کے لیے رعایتی ہیلی کاپٹر خدمات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی جو 2نومبر سےشروع ہو رہی ہے۔میٹنگ میں ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ اور راجوری کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ٹورازم، سول ایوی ایشن، جموں و کشمیر اور ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیاجموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع سے ٹکٹوں کی بکنگ کے لیے نوڈل افسران کو نامزد کریں اور ہیلی پیڈس پر ٹکٹ کاؤنٹر، صفائی اور مناسب سیکورٹی سمیت تمام ضروری انتظامات کریں۔جموں سے پونچھ، جموں سے مینڈھر، جموں سے راجوری، جموں سے ڈوڈہ، جموں سے کشتواڑ اور انٹرا کشتواڑ کے راستوں کے لیے آنے اور جانے والی ہیلی خدمات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے محکمہ سیاحت کو ہیلی سروسز کے لیے ضلع وار اور روٹ وار ریٹس شائع کرنے کی ہدایت کی، جب کہ ڈپٹی کمشنرز سے بھی کہا گیا کہ وہ پہاڑی اور برفباری والے اضلاع خصوصاً سردیوں میں سفر کرنے والے لوگوں کے لیے دستیاب ہیلی سروسز کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔اے اے آئی، جموں کے نمائندے سے جموں ہوائی اڈے پر ہیلی کاپٹر اور ٹکٹ کاؤنٹر کے لیے مناسب انتظامات کرنے کو بھی کہا گیا۔