بانہال // جموں دو روز سے پسیوں کیلئے بند پڑی جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت اج صبح دس بجے کے قریب بحال کی گئی ہے اور درماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ جموں سرینگر شاہراہ بْدھ کی شام سے بند تھی اور شاہراہ پر پنتھیال کے مقام گر ائی پسیوں کی وجہ سے سینکڑوں مسافر ، مال اور الیکشن ڈیوٹی کیلئے کشمیر جانے والی گاڑیاں پنتھیال پسی کے دوسری طرف ، ڈگڈول ، رام بن ، چندرکوٹ اور بٹوٹ کے مقام درماندہ ہوکر رہ گئی تھیں اور آج تیسرے روز اسی درماندہ ٹریفک کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق شاہراہ درماندہ پڑے ٹریفک میں سے پہلے مسافر بردار اور کشمیر میں پارلیمانی الیکشن کی سیکورٹی کیلئے لی جارہی سیکورٹی فورسز سے لدھی ہوئی بسوں اور ٹرکوں کو نکالا گیا اور بعد میں رام بن ، چندرکوٹ اور بٹوٹ سے دیگر درماندہ چھوٹی مسافربردار گاڑیوں ، بسوں اور ٹرکوں کو بھی چلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے شاہراہ پر پچھلے تین روز کی بارشوں کے دوران رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں کئی مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آئے تھے اور انہیں جمعہ کو ہی شام تک صاف کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی امدورفت کی بحالی میں دشواریوں کا باعث بنی پنتھیال کی پسی کو ہفتے کی صبح قابل آمدورفت بنایا گیا اور درماندہ ٹریفک کو تیسرے دن بحال کرنے میں کامیابی ملی۔ دریں اثنا گذشتہ دو روز کی طرح اج بھی رام بن کے مقامی رضاکار نوجوانوں اور انتظامیہ کی طرف سے درماندہ مسافروں کیلئے مفت لنگروں کا اہتمام کیا گیا جس میں پھسنے مسافروں کو کھانے پینے کا انتظام کیا گیا تھا۔