عظمیٰ نیوز سروس
جموں// شمالی ریلوے کے جنرل منیجر اشوک کمار ورما نے پیر کو ادھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ کے سرینگر-بارہمولہ سیکشن کا وسیع معائنہ کیا۔جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اچیت سنگھل نے کہا کہ ڈویژنل ریلوے مینیجر جموں وویک کمار اور دیگر سینئر افسران نے معائنہ کے دوران ورما کے ہمراہ تھے جس کا مقصد جاری کاموں اور مسافروں کی سہولیات کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔سنگھل نے کہا کہ معائنہ کے دوران، جنرل منیجر نے مسافروں کی حفاظت، ٹرین آپریشن، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق مختلف پہلوں کا جائزہ لیا۔ورما نے خاص طور پر اس اہم قومی پروجیکٹ پر حفاظتی پروٹوکول اور کام کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔سنگھل نے کہا کہ ٹیم نے سرینگر سے بارہمولہ تک تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے کے اندر تقریبا ًتمام ریلوے سٹیشنوں کا معائنہ کیا، جنرل منیجر نے سٹیشنوں پر دستیاب تمام مسافر سہولیات کا بھی تجزیہ کیا۔انہوں نے وادی میں اننت ناگ ریلوے سٹیشن پر سامان کے شیڈ کا بھی معائنہ کیا۔ اننت ناگ گڈز ٹرمینل کشمیر میں ریل فریٹ نیٹ ورک کا ایک اہم مقام ہے۔سنگھل نے کہا کہ ورما نے پروجیکٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کی قریب سے نگرانی کریں اور مقررہ وقت کے اندر طے شدہ اہداف کو پورا کریں۔انہوں نے کہا کہ معائنہ جاری ریل منصوبوں کی رہنمائی میں ایک اہم قدم ہے، جس سے خطے میں رابطے اور اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ شمالی ریلوے نے اعلان کر رکھا ہے کہ نومبر کے آخر تک جموں ریلوے سٹیشن کی توسیع کا کام مکمل ہوجائیگا جس کے بعد جموں سے سرینگر براہ راست ٹرین سروس شروع کی جائیگی۔