جموں//جموں توی کے کنارے اور تریکوٹہ کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع سدھرا گالف کورس بین الاقوامی سطح کا مقام ہے۔یہ گالف کورس 81ہیکٹر اراضی پر پھیلا ہواہے جو جموں شہر سے محض 7.5کلو میٹر دوری پر واقع ہے ۔ اسے گالف کارٹس ، سپرینکلرس ، واٹر باڈیز، جمنازیم ، انڈور اور اوپن ٹیریس ریستورانت اور دیگر قسم کی سہولیات سے لیس رکھاگیاہے ۔اس گالف کورس کا ڈیزائن بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈیزائنر کے ڈی بگا نے تیار کیا ۔سدھرا گالف کورس میں تعینات جونیئر انجینئر وریندر پال سنگھ نے بتایاکہ خطے میں سیاحتی سرگرمیاں کو بڑھاوادینے اور نوجوانوںکو اپنی صلاحیتوں کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے اس گالف کورس کو 60کروڑ روپے کی رقم سے تعمیر کیاگیا ۔اس گالف کورس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایاگیاہے اوراس کی خوبصورتی بھی دیکھنے لائق ہے ۔ اس گالف کورس میں 1.5لاکھ پودے بھی ہیں جن میں سے کئی بیش قیمتی پودے مانے جاتے ہیں ۔ان میں کچھ پھلدار پودے بھی ہیں ۔ایک افسر نے بتایاکہ یہ گالف کورس مقامی لوگوں اور سیلانیوں کی توجہ کا مرکز بنتاجارہاہے اور روزانہ سینکڑوں مہمان یہاںآتے ہیں ۔