سرینگر// حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے جموں اور خطۂ چناب سے تعلق رکھنے والے محبوسین کے ساتھ جیل حکام کی طرف سے روا رکھی جارہی پالیسی کو انتقام گیری قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے ۔ایک بیان میں گیلانی نے کہا کہ جیلوں میں سالہاسال سے مقید ان محبوسین کو فرضی کیسوں میں پھنسا کر ان کی اسیرانہ زندگی کو طول دیا جارہا ہے۔ حریت چیرمین نے کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والے ذاکر حسین بٹ، محمد قاسم شیخ، عطا محمد، بسنت گڑھ ادھمپور کے گل محمد خان، محمد اسلم، خطۂ چناب سے عبدالواحد، محمد عباس، فاروق احمد، حسان بابر اور ریاسی کے عبدالرشید (حال کوٹ بلوال) کے صبرو ثبات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان محبوسین کی عظیم قربانیاں تحریکی سرمایہ ہے۔ گیلانی صاحب نے غلام نبی گوجری، عبدالرشید بٹ، عبدالرشید راتھر، عاشق حسین تیلی، حکیم قیصر، شبیر الاسلام، عبدالرحیم، ہلال احمد پالہ اور محمد سلیم وار جو کہ کوٹ بلوال جیل میں نظربند ہیں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین ادا کیا۔