بانہال // جمعیت اہلحدیث تحصیل بانہال کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جمعیت اہل حدیث جموں وکشمیر کے نو منتخب صدر غلام محمد بٹ المدنی کو مبارک باد اور ہدیہ تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر اراکین جمعیت نے غلام محمد بٹ کے دو بارہ صدر منتخب ہونے پر تشکر اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلام محمد بٹ ایک عالم دین اور اعلی اوصاف کے انسان ہونے ہونے کے ساتھ ساتھ حلیم، بردبار، دور اندیش، متقی ، انسان دوست، مصلحت کار، اعلی اخلاقی و اقدار سے مزین اوصاف حمیدہ کے حامل ایک عظیم انسان ہیں۔انہوں نے کہا کہ موصوف ایک ہمہ گیر شخصیت کے حامل ہیں اور سیاسی بصیرت میں بھی وہ یکتا اور منفرد ہیں ، یہی وجہ ہے کہ موصوف کی قیادت میں جمعیت اہل حدیث کے گزشتہ تین سال جمعیت اہل حدیث کی تاریخ کا ایک روشن اور سنہرا باب تصور کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غلام محمد بٹ المدنی کی قیادت اور سرپرستی میں جو تعمیراتی منصوبہ جات اور کارہائے نمایاں ہاتھ میں لئے گئے ہیں وہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی علا سی کرتے ہیں۔ ان کی سربراہی میں جمعیت اہلحدیث مزید فعال اور مستحکم ہوگی اور جمعیت کو ایک نئی جہت ملے گی۔ ایک پریس بیان کے مطابق تحصیل صدر بانہال ظہور احمد سلفی نے بتایا کہ غلام محمد بٹ کی قیادت میں مرکزی جمعیت بشمول نائب صدر مشتاق احمد ویری، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبدل الطیف الکندی ، ناظم تبلیغ محمد یوسف سلفی ،ناظم تعمیر شکیل احمد زرو اور دوسرے زعماء جمعیت نے کشمیر کے نامساعد حالات میں اور سیلاب زدگان کی مدد کر کے جو کردار نبھایا ہے وہ قابل ستائش ہے اور اپنی مثال آپ ہے۔ ظہور احمد سلفی نے امید ظاہر کی کہ جمعیت اسی طرح تعلیمی، تدریسی،اصلاحی اور رفاعی کاموں کو جاری رکھنے میں مزید ترقی کرے گی اور جمعیت کے تعمیراتی خاکوں میں رنگ بھرنے میں صدر موصوف اپنا کلیدی رول ادا کرینگے۔ اس اہم میٹنگ کے اخر میں موجود حاضرین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بٹ کو یہ بار گراں اٹھانے کی سکت دے اور اللہ کرے کہ جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر امت مسلمہ کی شیرازہ بندی میں اپنا کلیدی رول ادا کرسکیں تاکہ امت مسلمہ متحد ہو کر باطل اور مسلم کش پالیسیوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ڈٹی رہے۔ میٹنگ میں ظہور احمد سلفی کے علاوہ اراکین جمعیت ڈاکٹر شفیق احمد کٹوچ، عبدل القیوم سراجی، منیر احمد سلفی، مدثر احمد وانی، مصیب الاسلام سلفی، محمد صادق سلفی،محمد عمران خان، عاقب سلفی، عبدل الواجد سلفی اور منظور احمد کٹوچ شامل تھے۔