مہور//سب ڈویژن درماڑی کے گاؤں جمسلان ملوان موڑا میں پچھلے کئی دنوں سے ٹرانسفارمر جلا ہوا ہے لیکن محکمہ کی طرف سے ابھی تک بحال کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔مقامی شخص نذیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ بارشوں سے پہلے یہ ٹرانسفارمر جل گیا تھا جس کے بعد محکمہ کی طرف سے اس ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرنے کیلئے لے گئے لیکن ابھی تک ٹھیک نہیں کیا گیا اور مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بغیر ان کے سارے کام ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ طلاب کی پڑھائی بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے، ایک طرف سے بچوں کے یونٹ ٹیسٹ چل رہے ہیںتو دوسری طرف بجلی کے نہ ہونے کی وجہ سے ان کی پڑھائی پر برا اثر پڑ رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے جمسلان کے ملوان اور سیملی میں اندھیرا چھایا ہوا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ بات ضلع انتظامیہ تک بھی پہنچائی لیکن ابھی تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی سے مانگ کی ہے کہ جلد سے جلد ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرایا جائے تاکہ لوگوں کوزیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔