اشرف چراغ
کپوارہ //جموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA)نے جمعرات کو کپواڑہ عدالت میں سم کارڈ بیچنے والوں کے خلاف جعلی دستاویزات کا استعمال کرنے کے الزام میں چارج شیٹ داخل کی۔ ادریس احمد بابا عرف ادریس پیر ولد عبدالاحد ساکن وڈر پائین ہندوارہ اور آصف احمد ڈار ولد محمد جمال ڈار ساکن کھائی پورہ راجواڑ ہندوارہ جو عدالتی تحویل میں ہیں،کے خلاف مقدمہ ایف آئی آر نمبر 08/2022 u/s 420, 468, 471, 120-B, 201 IPC of P/S CIK/SIA کیس میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔ ملزمان بن امین کمیونیکیشن زچلڈرا ہندوارہ فرنچائز کے ایجنٹ ہیں۔ یہ کیس پولیس اسٹیشن CIK/SIA سرینگر میں درج کیا گیا تھا۔ SIA نے کہا کہ فرنچائزی کو جعلی دستاویزات اپ لوڈ کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے دھوکہ دہی کے ذریعے سم کارڈ جاری کرتے ہوئے پایا گیا۔جمع کردہ شواہد کی بنیاد پر مذکورہ ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہوئے جنہوں نے ان کے علم میں لائے بغیر مختلف افراد کے انتخابی کارڈ بنا کر سمیں جاری کیں۔