کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ میں پہلی بار ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں سے متعلق مختلف مقدمات کی سماعت کی۔کمیشن کا یہ بنچ ڈاک بنگلہ کپوارہ میں کیسوں کی سماعت کیلئے موجود رہا۔اس موقعے پر ریاستی انسانی حقوق کے سر براہ جسٹس بلال احمد نازکی کی سر براہی میں متاثرین کی داد رسی کی گئی ۔معلوم ہو اہے کہ شمالی ضلع کپوارہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متاثرین نے ضلع انتظامیہ اور پویس کے ہاتھو ں انسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں سے متعلق ریاستی انسانی حقوق کمیشن میں کیس درج کئے تھے تاہم کمشن نے پہلی بار ضلعی سطح پر ان کیسوں کی شنوائی کے لئے کپوارہ کے ڈاک بنگلہ پر جمعرات کو ایک کمشن بٹھایا جسمیں ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔ریاستی انسانی حقوق کمشن میں کل 92کیس درج کئے گئے تھے اور جمعرات کی صبح 11بجے ریاستی انسانی حقوق کے سر براہی والی کمشن نے سماعت کی ۔اس موقع پر حقوق کمیشن کے سر براہ نے کئی کیس موقع پر ہی نپٹانے کے احکامات صادر کئے جبکہ ضلع انتظامیہ اور پولیس کو باقی کیسوں سے متعلق رپورٹ دینے کے ہدایت جاری کئے ۔