یو این آئی
فرینکفرٹ// جنوبی جرمنی میں شدید بارش کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے 600 سے زیادہ لوگوں کو ان کے گھروں سے نکالنا پڑا ہے۔مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی دنوں سے جاری بارش کے باعث ڈوناؤ، نیکر اور گینز سمیت کئی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے، جس سے ساحلی شہروں اور قصبوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب آ گیا ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی سطح ایک صدی کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔مقامی حکام نے بتایا کہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے تک، باویریا کے 10 اضلاع نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے۔نیوبرگ-شروبنہاؤسن ضلع کے 670 سے زیادہ رہائشیوں کو نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کی دو جنوبی ریاستیں باویریا اور باڈن ورٹمبرگ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔جرمن ویدر سروس نے جنوبی جرمنی کے کئی اضلاع کے لیے شدید موسم کی وارننگ جاری کی ہے۔ باڈن ورٹمبرگ میں میکینبیؤرین شہر میں بھی سیلاب کے خطرے کے پیش نظر تقریباً 1300 افراد کو اپنے گھر چھوڑنے کو کہا گیا۔