ایجنسیز
ٹوکیو//جاپان کے مغربی علاقوں میں جمعہ کے روز موسلا دھار بارش کے باعث کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جبکہ ملک کی جانب بڑھنے والے دو استوائی طوفانوں نے پہلے سے موجود موسمی بارشوں کے نظام کو مزید شدت دے دی ہے۔جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان’میکھالا‘ جمعہ کی سہ پہر جنوبی جاپان کے دور افتادہ جزیرے امامی کے مغربی ساحل کے قریب موجود تھا اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا تھا۔اسی دوران طوفان ’ہیگوس‘ بھی قریبی علاقے میں موجود ہے، اور محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں طوفان ہفتہ کے روزٹوکیو کے علاقے تک پہنچ سکتے ہیں، جہاں ان کے باعث مزید شدید بارش متوقع ہے۔جمعہ کی صبح نارا شہر میں ایک شخص پانی کی نہر میں گر کر زخمی ہوگیا، جس کی تصدیق جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے نے کی۔ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والی تصاویر میں کیوٹو کی مشہورکامو دریا کو گدلے پانی سے لبریز اور معمول سے کہیں زیادہ بلند سطح پر بہتے ہوئے دکھایا گیا۔شدید بارشوں کے پیش نظر کیوٹو، اوساکا اور مغربی جاپان کے دیگر علاقوں میں سیلابی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔جاپان کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق جمعہ کے روز نارا اورہیروشیما میں 30 سے زائد مکانات زیر آب آ گئے۔شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں ٹرین سروس اورفضائی پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔