ٹوکیو// جاپان کے صوبے اوکیناوا کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے باعث 64 افراد ہلاک ہوگئے۔ اسپتال میں جولائی کے دوران کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا سے متاثر افراد کی ا?مد شروع ہوئی تھی،جس کے بعد عملے کے ارکان بھی تیزی سے متاثر ہونا شروع ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں موجود 173 مریضوں اور عملے کے 23 ارکان کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ادھر ہلاکتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ میں کورونا وبا کے پھیلاوکو روکنے کے لیے آج سے 3روز کے لیے لاک ڈاون کا اعلان کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ میں کورونا وبا پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا تھا، تاہم آکلینڈ میں کورونا وائرس کے ایک مریض کی تشخیص کے بعد ہنگامی فیصلے کیے گئے۔ لاک ڈاون کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کے دوران تمام کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔ صرف ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔ نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کا نیا مریض ڈیلٹا وائرس کا شکار ہو سکتا ہے۔