جموں//ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و باز آباد کاری کے وزیر جاوید مصطفی میر نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری ڈی ایم آر آر آر شفیق احمد رینہ ، ریلیف کمشنر مائیگرنٹس منوہر لال رینہ ، ڈائریکٹر جے ٹی ایف آر پروجیکٹ محمد یوسف پنڈت، ڈائریکٹر ڈی ایم آر آر آ ر ظہور احمد وانی ، ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیمنٹ عامر علی ، ڈپٹی کمشنر ریلیف کے کے سدھا اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر موصوف مائیگرنٹوں کے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ریلیف کمشنر سے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک موثر لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوںنے کہا کہ بڈگام اور ویسو میں موجود ٹرانزٹ کیمپوں کے کام میں تیزی لائی جانی چاہئیں اور اس کے علاوہ جگتی ، مٹھی ، نگروٹہ اور پرکھوں میں مائیگرنٹ فلیٹوں کے تجدید ی کام میں بھی تیزی لائی جانی چاہئے تاکہ ان کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جاسکے۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیکٹر کا جائزہ لینے کے دوران وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ ناگہانی آفات کے دوران لوگوں کی مدد کے لئے تیار رہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل سطحوں پر تربیتی عملے اور بچاﺅ سازو سامان کی دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہیئے ۔ علاوہ ازیں لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی جانکاری دی جانی چاہیئے۔