جاوید اقبا ل
مینڈھر// جَل شکتی، جنگلات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے ضلع پونچھ میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈاک بنگلہ مینڈھر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اور مقامی عوام کو فوائد کی بروقت فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس میں ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری اکرم، ڈپٹی کمشنر، اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ وزیر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ منصوبوں پر عمل درآمد میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے کام کی رفتار کو بڑھایا جائے۔جاوید احمد رانا نے منصوبہ بندی میں مقامی قانون سازوں کی شرکت پر زور دیا تاکہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتی منصوبے ترتیب دئیے جا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندوں کی فعال شرکت ترقیاتی منصوبوں کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے ضروری ہے‘۔اجلاس میں جَل شکتی، جنگلات، اور قبائلی امور کی وزارتوں کے نمائندوں نے پانی کی فراہمی، جنگلات کے تحفظ، اور قبائلی برادریوں کے لئے فلاحی پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے کہا کہ علاقے میں پائیدار ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ترقیاتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور عوام کو فوائد بروقت فراہم کئے جائیں۔اجلاس کے دوران وزیر نے عوامی مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے۔