پونچھ//جامع انوار العلوم کی جانب سے رحمتِ عالم کانفرنس بسلسلہ دستار بندی کا اہتمام کیا گیا ۔اس سلسلہ می جلسہ عام صبح 9بجے تا شام 4بجے منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر مولانا مفتی عطا محمد اترولہ اترپردیش،مولانامفتی محمد ابراہیم مصباحی ریسرچ اسکالر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری،مولانا حافظ و قاری ڈاکٹر محمد عاصف علیمیؔ اسسٹنٹ پروفیسر جموں کے علاوہ مقامی علمائے کرام مولانا بشات حسین ثقافی،مولانا فاروق احمد مصباحی،حافظ مجید وغیرہ نے رحمت العالمین سرکار انبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ۔ خطیب مرکزی جامع مسجد پونچھ فاروق احمد مصباح نے کہا کہ خدائی احکامات پر کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم ہند جو کہ اس وقت مسلم خواتین کو انصاف دلانے کی آڑ میں اسلام پر وار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس بات کو جان لیں کہ خدائی قوانین میں مداخلت پر علمائے دین اور مسلمانان عالم اس کے خلاف قیام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح ممالک کی اپنی اپنی افواج ہیں، اسی طرح علمائے کرام خدائی فوج ہے ،یہ فوج خدائی قوانین میں مداخلت کرنے والی بڑی سے بڑی طاقت سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ علمائے کرام نے پھانسی پر چڑھ کر کے حق بات کی۔ اس دوران ریاست اور بیرون ریاست کے نامور نعت خواں حضرات نے نعت رسول ؐمقبول پڑھ کر سبھی کو محظوظ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر جامعہ کے مختلف شعبہ جات سے فارغ ہونے والے 18طلبا کی دستار بندی بھی کی گئی۔