عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام// جامع زرعی ترقیاتی وگرام(ایچ اے ڈی پی)کے مشن ڈائریکٹر سندیپ کمار نے نارکرہ بڈگام میں کاشتکاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سبزیوں کی کاشت کے تئیں ان کی لگن کی تعریف کی اور جموں و کشمیر کے زرعی شعبے کو تبدیل کرنے میں کلسٹر پر مبنی کھیتی کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور کاشتکار برادری کو بہتر منافع کو یقینی بنانے کے لیے سائنسی طریقوں کو اپنانے، اعلیٰ معیار کے بیج کے استعمال، آبپاشی کی بہتر سہولیات اور فصل کے بعد کے انتظام کی جدید تکنیکوں پر زور دیا۔مشن ڈائریکٹر نے کسانوں کوایچ اے ڈی پی کے تحت ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور وادی بھر میں سبزیوں کے کلسٹروں کو مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ اے ڈی پی کے تحت اقدامات کا مقصد کاشتکاروں کو پیداوار اور پروسیسنگ سے لے کر ویلیو ایڈیشن اور مارکیٹ کے رابطوں تک مجموعی مدد فراہم کرنا ہے۔اس دورے میں کاشتکار برادری کی طرف سے حوصلہ افزا ردعمل دیکھنے میں آیا، جنہوں نے اپنے تجربات شیئر کیے اورایچ اے ڈی پی کے ذریعے دی جانے والی امداد پر اطمینان کا اظہار کیا۔